بھٹکل 7 جون (ایس او نیوز) بھٹکل رابطہ ہال میں آج پیر شام 6:30 بجے تک قریب 850 لوگوں کو کورونا کا ٹیکہ لگوایا گیا جبکہ ٹیکہ لگوانے کا عمل جاری تھا۔
رابطہ ہال میں 45 سال یا اس سے زائد عمر والوں کو ٹیکہ لگوانے کے لئے گراونڈ فلور پر ایک کاونٹر بنایا گیا تھا جبکہ این آر آئیز اور دیگر مخصوص کئے گئے زمروں کے لئے فرسٹ فلور پر الگ سے انتظام کیا گیا تھا۔ رپورٹ تحریر کئے جانے تک ویکسین لینے والوں میں 450 سے زائد لوگ 45 سال یا اس سے زائد عمر والے تھے ۔رابطہ ہال میں تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے 8 نرسنگ اسٹاف سمیت ایک نوڈل آفسرکو بھی تعینات کیا گیا تھا جن میں سے چار گراونڈ فلور اور چار فرسٹ فلور پر ٹیکہ لگوانے پر معمور تھیں۔ ان کے علاوہ تنظیم کے عہدیداران اور کووڈ کمیٹی کے اراکین سمیت بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ذمہ داران اور نوجوانان رجسٹریشن سمیت دیگر اُمور کی انجام دہی کے لئے اپنی خدمات پیش کرتے نظر آئے۔
تنظیم کی طرف سے ویکسی نیشن کا پروگرام نہایت کامیاب رہا، لوگوں نے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے اور ماسک سمیت کووڈ گائیڈلائنس پر عمل کرتے ہوئے پورے سکون کے ساتھ ویکسین حاصل کی۔ رابطہ سوسائٹی کے ذمہ داران بھی اس موقع پر عوام کو گائیڈ کرتے ہوئے اور اپنی جانب سے خدمات پیش کرتے نظر آئے۔
ویسے تو سرکار کی طرف سے شام 4:30 بجے تک ہی ویکسین دینے کا انتظام رہتا ہے، مگر تنظیم کی طرف سے اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر محکمہ ہیلتھ کے ذمہ داران سے بات چیت کے بعد شام آٹھ بجے تک ویکسین دینے کی اجازت حاصل کی گئی ہے اور رپورٹ تحریر کئے جانے تک ویکسین لینے کے کے لئے لوگوں کا آنا جاری تھا۔
اُدھر آسارکیری اور منکولی کے ہال میں بھی کورونا کا ٹیکہ لگوانے کا انتظام کیا گیا ہے جہاں سے ملی اطلاع کے مطابق آسارکیری میں 160 لوگوں کو اور منکولی میں 250 لوگوں کو کورونا کا ٹیکہ لگوایا گیا ہے۔
ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے بتایا کہ رابطہ ہال میں منعقدہ کوویڈ ٹیکہ کاری کا آج کا پروگرام نہایت کامیاب رہا، عوام الناس نے کثیر تعداد میں پہنچ کر ٹیکہ لگوایا بالخصوص گلف جانے والے ٹیکہ کو لے کر کافی پریشان تھے، آج پہلے ٹیکہ کے ساتھ ہی اُن کو راحت دی گئی ہے۔ عبدالرقیب ندوی نے بتایا کہ سرکار کی طرف سے دوسرا ٹیکہ 84 دن بعد دینا طے پایا ہے، لیکن گلف جانے والوں کے لئے چونکہ دونوں ٹیکے ضروری ہیں، اس لئے ہماری کوشش ہوگی کہ جلد سے جلد دوسرے ٹیکہ کے لئے بھی اعلیٰ سطح پر حکام سے بات چیت کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کرنے کی کوشش کی جائے ۔
عبدالرقیب ایم جے ندوی نے واضح کیا کہ آج جس طرح تنظیم نے تعلقہ اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے رابطہ ہال میں ویکسین لگوانے کا انتظام کیا ہے، تنظیم اب اطراف و اکناف کے علاقوں کے عوام کے لئے بھی سوچ رہی ہے کہ اپنے پڑوسی علاقوں کے لوگ بھی ٹیکہ سے محروم نہ رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اُن علاقوں کے ہی شادی ہال یا اسکول ہال میں ٹیکہ لگوانے کا انتظام کئے جانے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرڈیشور کے آین آر آئیز نے آج بھٹکل رابطہ ہال پہنچ کر کورونا کا ٹیکہ لگوایا ہے۔ اب پڑوسی تعلقہ ہوناور کے منکی، ولکی، سڑلگی ، ہیرانگڈی وغیرہ علاقوں کے عوام کے لئے بھی ٹیکہ کاری کے لئے کوشش کی جائے گی۔
تنظیم جنرل سکریٹری عبدالرقیب ندوی نے اس موقع پر تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے آج کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا ۔ انہوں نے بالخصوص تعلقہ اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے اُن کابھی شکریہ ادا کیا۔